اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کو ریاست کے 11 اضلاع میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ گزشتہ تین دنوں سے مسلسل بارش اور ڈیموں سے پانی چھوڑنے کی وجہ سے ریاست کے کئی علاقے سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش سے متعلقہ واقعات میں 10 افراد کی موت ہو گئی۔ ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے خاص طور پر کشی نگر، مہراج گنج، لکھیم پور کھیری، بلیا، فرخ آباد، گونڈا، کانپور نگر، گوتم بدھ نگر، سیتا پور، ہردوئی اور شاہجہاں پور کے عہدیداروں کو ریلیف کے انعقاد میں پوری تیاری کو یقینی بنانے کی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کو ریلیف کے محکمہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش سے متعلقہ واقعات میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں بندہ اور قنوج اضلاع میں دو دو اموات شامل ہیں، جب کہ پرتاپ گڑھ، فتح پور، بھدوہی، امبیڈکر نگر، پریاگراج اور کانپور میں ایک موت ہوئی ہے۔سی ایم یوگی نے عہدیداروں کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے، صورتحال پر نظر رکھنے اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایات کے بعد ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف اور پی اے سی کی کئی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں تعینات کی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع مجسٹریٹس کو ہدایت دی کہ وہ فصل کے نقصان کا جائزہ لیں اور رپورٹ حکومت کو پیش کریں، تاکہ متاثرہ کسانوں کو معاوضہ دیا جا سکے۔ انہوں نے سیلاب سے جن لوگوں کے مکانات کو نقصان پہنچا یا جن کے مویشی تباہ ہوئے ان کی فوری مالی امداد کرنے کا مطالبہ کیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ریلیف کمشنر بھانو چندر گوسوامینے کہا کہ اتر پردیش کے سیلاب سے متاثرہ 11 اضلاع میں جنگی پیمانے پر امدادی کام جاری ہے۔ گزشتہ 72 گھنٹوں میں ریاست بھر میں اوسط سے زیادہ بارش نے سیلاب کی صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو بھی یو پی کے 75 میں سے 45 اضلاع میں زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔اس دوران بہار سے متصل مہراج گنج ضلع ہائی الرٹ پر ہے۔ نیپال کے دریائے گنڈک سے ساڑھے 6 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے جس کی وجہ سے مہراج گنج سمیت بھارت کے کئی اضلاع میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ مسلسل بارش نے بھی صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔ مہراج گنج کے ڈی ایم نے دور دراز علاقوں جیسے سوہگی بروا وغیرہ کا معائنہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تمام ایس ڈی ایم نے سیلاب سے لڑنے کی کمان سنبھال لی ہے۔
رپورٹ :سراقہ رضوی۔۔۔۔

0 تبصرے